13لاکھ عازمین کوطبی خدمات کی فراہمی، سعودی حکومت کا صحت کے انتظام کی کامیابی کا اعلان

اسلام آباد:(ذیشان یوسفزئی) سعودی حکومت کی جانب سے حج کے دوران صحت کے انتظامات کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔

سعودی وزیر صحت فہد الجلاجیل نے کہا ہے کہ اسی حج سیزن کے دوران 13 لاکھ سے زیادہ طبی خدمات فراہم کی گئیں، نظام صحت کے تحت 465,000 سے زائد خصوصی علاج کی خدمات فراہم کی گئی، تاہم 141,000 افراد جن کو سرکاری اجازت حاصل نہیں کی ان کو بھی صحت کی سہولیات فراہم کی گئی۔

سعودی وزیر صحت نے بتایا ہے کہ کل 30ہزار ایمبولینس اور 95 ایئر ایمبولینسز کے ساتھ صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور نظام صحت کے تحت تقریباً 6,500 بستر اور کمرے دستیاب تھے۔

وزیر صحت نے اموات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال اموات کی تعداد 1,301 تک پہنچ گئی اور مرحومین میں 83فیصد حج کرنے کیلئے غیر مجاز تھے، مرحومین میں ذیادہ تر بغیر مناسب پناہ گاہ اور شدید دھوپ میں طویل فاصلہ طے کر رہے تھے ، مرحومین میں کئی بزرگ اور دائمی طور پر بیمار افراد بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی دلی تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، اللہ تعالیٰ ان کے اعمال کو قبول کرے، مرحومین کی شناخت مکمل ہو گئی اور اہل خانہ کو آگاہ کردیا گیا جبکہ شناختی دستاویزات کی ابتدائی کمی کے باوجود، شناخت، تدفین، اور موت کے سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کے لیے مناسب طریقہ کار اپنایا گیا۔

وزیر صحت نے مزید بتایا کہ صحت کے پروٹوکول نے گرمی کے تناؤ کو مؤثر طریقے سے کم کیا، یہ کامیابی صحت کے نظام اور حج سکیورٹی فورسز کی مربوط کوششوں سے ممکن ہوئی، اس سال گرمی کے دباؤ کے متعدد معاملات کو حل کیا گیا، کچھ افراد اب بھی زیر علاج ہیں۔

صحت کی خدمات میں اوپن ہارٹ سرجریز، کارڈیک کیتھیٹرائزیشن، ڈائیلاسز، اور ایمرجنسی کیئر شامل تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں