برطانیہ میں تبدیلی آئے گی، معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا : نازشاہ

لندن : (ویب ڈیسک ) لیبر پارٹی کی رہنما ناز شاہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں اب تبدیلی آئے گی ، معاشی استحکام آئے گا، معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی عام انتخابات کے حوالے سے ناز شاہ نے کہا  کہ لیبر پارٹی کی حکومت آئے گی ، کنزرویٹو پارٹی نے ملک میں تباہی مچائی، برطانیہ میں اب تبدیلی آئے گی اور معاشی استحکام آئے گا۔

لیبر پارٹی کی رہنما کا کہنا ہے کہ مشکل حالات تو پہلے سے ہی ہیں، 14 سال میں ملک کی معیشت تباہ کر دی گئی، معیشت کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، راتوں رات معاشی استحکام نہیں آئے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ نہیں چاہتے کہ ملک کو زیادہ قرضوں میں ڈالیں، چاہتے ہیں کہ ملک و عوام کی ترقی ہو لیکن یہ آسان نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی انتخابات: کنزرویٹو کوتاریخی شکست ، لیبر پارٹی نے میدان مارلیا

انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں تاریخی اکثریت ملی ہے، عوام نے صاف صاف بتا دیا کہ انہیں تبدیلی چاہیے۔

لیبر پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ فلسطین کا دکھ مجھے بھی ہے، ہمیں پارلیمنٹ میں مضبوط آواز چاہیے، میں خاندانی سیاست کی نمائندگی نہیں کرتی، کشمیر کی بیٹی ہوں، کشمیر کی نمائندگی کرتی تھی اور کرتی رہوں گی۔

واضح رہے کہ بریڈفورڈ ویسٹ میں ناز شاہ نے ایک بار پھر میدان مار لیا ہے اور مسلسل چوتھی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے میں کامیاب ہو گئی ہیں، انھوں نے 11724ووٹ حاصل کیے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں