"یاگی" نے چین کے بعد ویتنام میں تباہی مچادی، 18 افراد ہلاک
ہنوئی: (ویب ڈیسک) ایشیا میں رواں سال کا سب سے طاقتور طوفان ’یاگی‘ویتنام سے ٹکرا گیا، مختلف حادثات میں 18 افراد ہلاک،درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ویتنام کے شمالی علاقوں میں طوفانی ہواؤں سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، طوفان کی زد میں آکر 12 افراد لاپتا اور 78 زخمی ہوگئے، طوفان کے باعث ویتنام کے 4 بڑے ایئرپورٹ بھی بند کر دئیے گئے۔
اس سے قبل چین میں طوفان کے باعث بجلی گرنے، شدید بارش تیز ہواؤں سے درخت جڑ سے اکھڑ گئے، چین میں حادثات سے 4 افراد ہلاک اور 92 زخمی ہوئے جبکہ 8 لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
یاد رہے کہ چین سے قبل سمندری طوفان نے فلپائن میں تباہی مچائی تھی، فلپائن میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 14 افراد ہلاک ہوئے، 105 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ہر شے کو اڑا لے گئیں۔