روس کی طرف سے یوکرین کے شہر کیف پر نئے حملے

کیف : (ویب ڈیسک ) یوکرین کی فوج نے کہا کہ روس نے کیف کو نشانہ بنانے والے کئی ڈرون حملے کیے جبکہ یوکرین کے فضائی دفاعی یونٹس نے کامیابی کے ساتھ شہر کا دفاع کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق خبررساں ادارے کاکہنا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت میں عینی شاہدین نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنیں جو فضائی دفاعی نظام کی طرح تھیں اور چیزوں کو ہوا میں ٹکراتے ہوئے دیکھا۔

کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ سرہی پوپکو نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر کہا کہ روسیوں نے کیف میں جتنے بھی ڈرون داغے، وہ یا تو دفاعی نظام کے ذریعے تباہ یا الیکٹرانک جنگ سے بے اثر کر دیئے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے مکمل پیمانے کا تخمینہ بعد میں آئے گا لیکن ابتدائی معلومات کے مطابق کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی نقصان کی اطلاع ملی۔

یوکرین کی فضائیہ کے اعداد و شمار کے مطابق کیف اور اس کے اردگرد کا علاقہ اور یوکرین کا تمام مشرقی حصہ آج صبح پانچ گھنٹے سے زیادہ کیلئے فضائی حملے کے انتباہات کے تحت تھا۔

روس نے ستمبر کے دوران کیف اور یوکرین پر متعدد فضائی حملے کیے جن میں توانائی، فوجی اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں درجنوں شہری ہلاک ہوئے۔

روس نے یوکرین پر فروری 2022 میں ایک یلغار کی تھی جسے وہ "خصوصی کارروائی" کہتا ہے ، اس جنگ میں روس شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں