بندوں کو سٹیڈیم میں داخلے سے روکنے کیلئے لنگور سکیورٹی پر تعینات

کانپور: (ویب ڈیسک) بھارت اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کانپور میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے لنگوروں کو سکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے کان پور میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران بندروں کو سٹیڈیم میں گھسنے سے روکنے کے لیے لنگوروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔

بندر کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں پہنچنے والے شائقین سے کھانے پینے اور موبائل فون جیسی دیگر اشیاء چھین لیتے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کو پریشانی ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ بندر براڈکاسٹر ٹیم میں شامل کیمرہ مین سے بھی کھانے پینے کی اشیاء چھین جاتے ہیں، بندر لنگوروں سے ڈرتے ہیں اس لیے حکام نے تربیت یافتہ لنگوروں کو اسٹیڈیم کے باہر سکیورٹی کے لیے تعینات کیا ہے تاکہ سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آئے شائقین کو بندروں کی جانب سے کوئی پریشانی نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: بندروں نے 6 سالہ بچی کو جنسی درندے سے بچا لیا

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سٹیڈیم میں سکیورٹی اہلکار بھی موجود ہوں گے، صرف بندروں کو سٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے لنگروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ کو شروع ہونے والے کان پور ٹیسٹ کا پہلا دن ختم ہوگیا ہے، بنگلادیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے ہیں، میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں