روسی پارلیمنٹ میں افغان طالبان کا نام دہشتگردوں کی فہرست سے نکالنے کا قانون منظور

ماسکو: (دنیا نیوز) روس کی پارلیمنٹ ڈوما میں افغان طالبان کو کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنےکا قانون منظور کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی پارلیمنٹ کی جانب سے نئے قانون کی منظوری کے بعد روس کی عدالت طالبان پر لگی پابندی ہٹانے کی مجاز ہوگی، قانون کی منظوری سے روس کے افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

روس نے افغان طالبان کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔ روس نے 2003 میں افغان طالبان کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

خیال رہےکہ اگست 2021 میں اقتدار میں آنے والی طالبان حکومت کو ابھی تک کسی ملک نے باضابطہ تسلیم نہیں کیا ہے۔

اگست 2021 میں افغانستان سے 20 سالہ جنگ میں امریکا کی شکست کے بعد روس آہستہ آہستہ افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کر رہا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن نے رواں برس جون میں کہا تھا کہ ان کا ملک طالبان کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا اتحادی سمجھتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں