مٹھی بھر ممالک کو طاقت کی بنیاد پر مراعات حاصل نہیں کرنی چاہئیں: چینی نائب وزیراعظم
ڈیوس: (دنیا نیوز) چین کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ مٹھی بھر ممالک کو طاقت کی بنیاد پر مراعات حاصل نہیں کرنی چاہئیں۔
چین کے نائب وزیراعظم نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی نظام میں انصاف، مساوات اور قانون کی بالادستی پر زور دیا، چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو کسی صورت ’’جنگل کے قانون‘‘ کی طرف واپس نہیں جانا چاہئے جہاں طاقتور ممالک اپنی قوت کے بل بوتے پر مراعات حاصل کریں اور کمزور ممالک کو نظرانداز کر دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی چیلنجز، جن میں معاشی عدم استحکام، جغرافیائی کشیدگی اور ماحولیاتی بحران شامل ہیں، اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام ممالک باہمی تعاون اور مکالمے کو فروغ دیں، انہوں نے واضح کیا کہ عالمی نظام اس وقت ہی مستحکم اور مؤثر ہو سکتا ہے جب قواعد و ضوابط سب پر یکساں طور پر لاگو ہوں اور کسی بھی ملک کو استثنیٰ حاصل نہ ہو۔
چین کے نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مٹھی بھر ممالک کو اپنی طاقت کی بنیاد پر عالمی فیصلوں پر اثرانداز ہونے یا خصوصی مراعات حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے، کیونکہ اس طرزِ عمل سے عالمی عدم توازن اور تنازعات میں اضافہ ہوتا ہے، ان کے مطابق کثیرالجہتی نظام ہی عالمی امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور ترقی پذیر ممالک کے جائز مفادات اور خدشات کو بھی برابر اہمیت دے، انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ کھلے پن، تعاون اور مشترکہ ترقی کے اصولوں کی حمایت کرتا رہے گا۔