یو اے ای نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کر دیئے

ابوظہبی: (دنیا نیوز) یو اے ای اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات معطل ہوگئے۔

اماراتی حکام کے مطابق یو اے ای نے ایران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان کردیا، یو اے ای نے تہران سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلالیا، یہ اقدام ایران کے یو اے ای پر حملوں کی وجہ سے کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایران نے خلیجی ممالک میں موجود 14 امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں سیکڑوں اہلکاروں کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا، عالمی خبر رساں ادارے نے بتایا تھا ایران نے جن 14 امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنایا وہ متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور سعودی عرب میں واقع ہیں۔

ان ممالک نے ناصرف ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی تھی بلکہ اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایران کے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تھا تاہم میزائلوں کے ملبے گرنے سے ایک پاکستانی شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

سعودی عرب نے بھی تصدیق کی تھی کہ ایران نے ریاض اور ملک کے مشرقی علاقے کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، فضائی دفاعی نظام نے ایران کے میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا اور کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

قطر نے بھی ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی تھی، حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں معطل ہوگئی تھیں۔

ادھر بحرین نے بھی ایران کے میزائل حملوں پر سائرن کے ذریعے شہریوں کو محتاط اور محفوظ رہنے کی ہدایت کی تھی، ایران نے بحرین میں امریکا کے ففتھ فلیٹ کو نشانہ بنایا تاہم کسی مالی یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔

اردن اور شام نے بھی ایرانی ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا اور دونوں ممالک نے ایران کو متنبہ کیا تھا کہ قومی سلامتی کے منافی اقدام پر سخت جواب دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں