یو اے ای میں سکولوں، یونیورسٹیز کیلئے ریموٹ لرننگ جمعہ تک برقرار رکھنے کا اعلان

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں متعلقہ حکام نے سکولوں اور جامعات کے لیے ریموٹ لرننگ کو جمعہ تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ احتیاطی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں اور طلبہ و عملے کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔

حکام نے بیان میں کہا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے مقررہ مدت تک آن لائن کلاسز جاری رکھیں گے، متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے تدریسی عمل کو منظم رکھیں اور طلبہ کو باقاعدہ شیڈول سے آگاہ کریں، ضروری خدمات اور انتظامی امور حسبِ ضرورت جاری رہیں گے۔

فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب علاقائی صورتحال کے باعث مختلف شعبوں میں احتیاطی انتظامات کئے جا رہے ہیں، تعلیمی حکام کے مطابق طلبہ اور والدین کو سرکاری چینلز کے ذریعے اپڈیٹس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی قسم کی الجھن نہ ہو۔

بیان کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ ہفتے کے شیڈول سے متعلق فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا، والدین اور طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سکول انتظامیہ اور سرکاری ذرائع سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں