ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، قطر کی جانب سے ملنے والے طیارے پر آج سفر کروں گا۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملات بہترین اور خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ ایرانی وفد کے ساتھ اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں اور سیاسی و معاشی استحکام بھی خطے میں امن کے قیام سے ہی ممکن ہے۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا اور اسے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہونے کے راستے پر آگے بڑھنا ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بہتری سے تمام ممالک کو فائدہ پہنچتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں