منی پور میں نسلی فسادات، مودی سرکار حالات پر قابو پانے میں بری طرح ناکام
نئی دہلی: (دنیا نیوز) مودی سرکار کی یک طرفہ اور ناکام پالیسیوں نے منی پور کو آگ میں جھونک دیا، نسلی فسادات شدت اختیار کرگئے۔
بھارت کااپنا جریدہ دی سٹیٹ مین منی پور میں اٹھنے والے نئے فسادات کی تفصیلات سامنے لے آیا۔
بھارتی جریدہ کے مطابق بھارتی ریاست منی پور کے ضلع امپھال کے جنوبی علاقہ میں متعدد مکانات کو آگ لگادی گئی، نسلی فسادات کے دوران گھروں کو آگ لگانے اور بڑھتی کشیدگی نے منی پور کے امن کو پھر خطرے میں ڈال دیا، واقعے کے فوری بعد علاقہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظرسکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد تعینات کر دی گئی ہے۔
دی سٹیٹ مین کے مطابق واقعے میں ملوث ہونے پر ہینگ جنگ گاؤں کے سربراہ سمیت دوافراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی انسانی حقوق کی کارکن نندتا ہاکسر نے منی پور کی صورتحال پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار منی پورمیں پرتشدد واقعات کی اصل وجوہات چھپانے کیلئےغیر ملکی مداخلت کے الزام کو جواز بنا رہی ہے، حالیہ فسادات کے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی سرکار منی پور میں امن وامان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔