سلمان سعید اپنی والدہ کی آخری یادیں تازہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کے بھائی و اداکار سلمان سعید اپنی والدہ کی آخری یادیں تازہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

حال ہی میں سلمان سعید نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے والدین، خاندان اور ذاتی زندگی کے جذباتی پہلوؤں پر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران سلمان سعید نے اپنی مرحومہ والدہ سے گہرے تعلق اور ان سے جڑی چند آخری یادیں تازہ کیں اور ایسی بات کا ذکر کیا جس کا انہیں آج بھی شدید افسوس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوانی میں میری والدہ چاہتی تھیں کہ میں ایک مخصوص لڑکی سے شادی کروں، تاہم میں نے اس رشتے سے انکار کر دیا اور اپنی پسند بتائی، جس پر والدہ کافی غصہ ہوئیں اور کہا کہ پھر تب شادی کرنا جب میں نہیں رہوں گی۔

سلمان سعید کے مطابق والدہ کی اس بات پر میں نے بھی غصے میں والدہ سے کہہ دیا تھا کہ ہاں ٹھیک ہے، میں شادی اُس وقت کروں گا جب وہ نہیں ہوں گی، مجھے آج بھی اس چیز کا پچھتاوا ہے، مجھے اس وقت ایسے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے بعدازاں والدہ انتقال کر گئیں اور میری شادی واقعی ان کے انتقال کے بعد ہوئی۔

سلمان سعید نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں نے اپنی والدہ کو فالج کا دورہ پڑتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ صحت یاب نہ ہو سکیں اور نسبتاً کم عمری میں انتقال کر گئیں۔

اداکار نے والدہ کے انتقال کے بعد اپنی ذہنی اور جذباتی کیفیت کا بھی ذکر کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ والدہ کی وفات کے بعد میں تقریباً 1 سال تک سکون کی نیند نہ سو سکا، اگر کبھی نیند آ بھی جاتی تو گھبراہٹ اور جھٹکوں کی کیفیت میں بیدار ہو جاتا تھا۔

سلمان سعید نے کہا کہ میں اپنی والدہ کے بے حد قریب تھا، اسی لیے ان کی جدائی کا صدمہ برداشت کرنا میرے لیے انتہائی مشکل ثابت ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں