خانیوال میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 اشتہاری ملزمان ہلاک، 2 ساتھی فرار
خانیوال:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے خانیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزمان ہلاک اور 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق خانیوال کے تھانہ کچا کھوہ کے علاقے 21/10-آر کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں قتل، ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان ہلاک ہو گئے جب کہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی کے دوران دو ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت فیصل مہدی اور رانا اظہر علی کے نام سے کی ہے، فیصل مہدی مقدمہ نمبر 644/26 میں مرکزی ملزم تھا۔
پولیس نے کہا کہ دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ اشتہاری تھے اور ان پر چند روز قبل خانیوال کے نیازی چوک میں چار افراد کے قتل کا بھی الزام تھا۔
مزید برآں ریسکیو اہلکاروں نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔