میٹا کے دفتر میں انوکھا واقعہ، پارسل سے نکلنے والی گلہری نے افراتفری مچادی

بینکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں میٹا (فیس بک کی پیرنٹ کمپنی) کے دفتر میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جب دفتر میں آنے والے ایک پارسل سے اچانک گلہری نکل آئی، جس سے ملازمین میں افرا تفری مچ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے سے متعلق ایک داخلی میمو میں بتایا گیا ہے کہ گلہری دفتر کے مختلف حصوں میں آزادانہ گھومتی رہی، جس کے باعث ملازمین میں ہلچل پیدا ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق گلہری نے ایک صفائی کرنے والے ملازم کی انگلی پر معمولی خراش بھی لگا دی، تاہم بعد ازاں متعلقہ عملے نے اسے بحفاظت قابو میں لے لیا اور صورتحال معمول پر آگئی۔

دوسری جانب نیویارک ٹائمز کے رپورٹر مائیک آئزک نے ملازمین سے گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر اس دلچسپ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس غیر معمولی صورتحال نے دفتر میں خوشگوار اور دلچسپ ماحول پیدا کر دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ملازم نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے گلہری سے متعلق حفاظتی احتیاطی تدابیر پر مبنی ایک مزاحیہ ویڈیو بھی تیار کی، جسے انسانی وسائل (ایچ آر) کی تربیتی ویڈیوز کے انداز میں بنایا گیا اور اسے ملازمین میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں