خلائی مخلوق جیسی نظر آنی والی دیوقامت سُنڈی دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئی
لاہور: (ویب ڈیسک) قدرت کی عجیب و غریب مخلوقات میں ’کیبیج ٹری موتھ‘ نامی سُنڈی اپنی دیو قامت جسامت اور خوفناک ساخت کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق تقریباً 70 ملی میٹر لمبی اور بے حد موٹی جسامت والی یہ سُنڈی گہرے سیاہ جسم پر سفید کانٹوں، یا سرخ جسم پر پیلے کانٹوں جیسے انوکھے رنگوں میں پائی جاتی ہے، جسے پہلی نظر میں دیکھ کر کسی خلائی مخلوق کا گمان ہوتا ہے۔
اگرچہ اس سنڈی کے پورے جسم پر نوکیلے کانٹوں کی ڈھال اسے انتہائی ڈراؤنا بناتی ہے، لیکن یہ دیوقامت سنڈی انسانوں کیلئے بالکل بھی نقصان دہ نہیں ہے۔
اس مخلوق کے جسم پر موجود کانٹے دراصل انتہائی نرم اور اسفنج جیسے ہوتے ہیں، اور اس کے چمکدار رنگ صرف ایک قدرتی دفاعی نظام کا حصہ ہیں تاکہ شکاری پرندے اور جانور اسے زہریلا سمجھ کر دور رہیں۔