حوثیوں کے حکومتی فورسز کے تربیتی کیمپ پر تین میزائل حملے، 53 افراد جاں بحق
صنعا: (دنیا نیوز) یمن کے صوبے شبوا میں حوثی جنگجوؤں کے تین بیلسٹک میزائل حملوں میں 53 سے زائد افراد جاں بحق اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے، حملوں میں سرکاری فورسز کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حملے کا نشانہ شبوا میں واقع العلم فوجی کیمپ بنا، جہاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والی فورسز تعینات ہیں۔
یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے تصدیق کی کہ حوثیوں نے مرکزی تربیتی کیمپ پر تین بیلسٹک میزائل داغے، جہاں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ابتدائی اطلاعات میں 30 سے زائد افراد کی ہلاکت اور 70 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 53 اور زخمیوں کی تعداد 200سے زیادہ بتائی، بعض دیگر ذرائع نے اس سے بھی زیادہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
صوبائی حکام کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث مقامی اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو دوسرے صوبوں کے طبی مراکز منتقل کرنا پڑا۔
یمنی فوج کے ایک ذریعے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حملہ حوثیوں کی ممکنہ زمینی کارروائی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے، جیسا کہ ماضی میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہی شہر المخا میں دیکھا گیا تھا۔
فوجی ذریعے کے مطابق حوثیوں نے اتوار کو شبوا کو اپنے زیرِ کنٹرول صوبے البیضا سے ملانے والی سڑک بھی بند کردی تھی، جس سے مقامی آبادی کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
واضح رہے کہ یمن میں حوثیوں اور حکومت کی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان لڑائی 2022 میں قائم ہونے والی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد دوبارہ شدت اختیار کرگئی ہے، اس صورتحال نے بحیرہ احمر اور باب المندب کے قریب علاقائی سلامتی کے خدشات بھی بڑھا دیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments