پنجاب حکومت کا جاسوسی کے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے جاسوسی کے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی، ذاتی معلومات اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد خفیہ نگرانی کے ذریعے شہریوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی، ہراسانی اور بلیک میلنگ جیسے واقعات کی روک تھام کرنا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاء، جن میں عینکیں، پین، گھڑیاں اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز شامل ہیں، کے غیر قانونی استعمال اور خرید و فروخت کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایسی ڈیوائسز کو لوگوں کی اجازت کے بغیر ان کی سرگرمیوں کی نگرانی یا ذاتی معلومات ریکارڈ کرنے کے لیے استعمال کرنے کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
حکومتِ پنجاب کے مطابق اس فیصلے کا ایک اہم مقصد خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور انہیں خفیہ ریکارڈنگ، غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ جیسے مسائل سے محفوظ رکھنا ہے۔
جاسوسی کے آلات کے ذریعے نجی زندگی میں مداخلت اور ذاتی معلومات کے ناجائز استعمال سے متعلق سامنے آنے والی شکایات کے تناظر میں یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔
حکومت کا کہنا تھا کہ شہریوں کی نجی معلومات، ذاتی زندگی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ضروری ہے، اس لیے خفیہ کیمروں سے لیس اشیاء کے غیر قانونی استعمال کی حوصلہ شکنی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments