دبئی ایئرپورٹ پر پانچ سیکنڈ میں امیگریشن کلیئرنس، ریڈ کارپٹ منصوبے کو ایوارڈ دینے کا اعلان

دبئی: (سید مدثر خوشنود)دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے محکمہ شناخت و امورِ غیرملکیان کے ریڈ کارپٹ سفری راہداری منصوبے کو سرکاری شعبے میں نمایاں کارکردگی پر دبئی اِٹ ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا۔

مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اس جدید نظام کے ذریعے مسافر سفری دستاویزات دکھائے یا رکے بغیر پانچ سیکنڈ سے بھی کم وقت میں کلیئرنس کا عمل مکمل کرسکتے ہیں۔

شیخ حمدان بن محمد نے منصوبے کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی اس نظام نے مسافروں کی کلیئرنس کی صلاحیت دس گنا بڑھا دی ہے، جبکہ مسافروں کے اطمینان کی شرح 99 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی کا مقصد صرف عالمی معیار اپنانا نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے غیرمعمولی نتائج حاصل کرنا ہے جو لوگوں کی زندگی آسان بنائیں اور ان کی توقعات سے بڑھ کر سہولتیں فراہم کریں۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعارف کرائی گئی ریڈ کارپٹ سفری راہداری مصنوعی ذہانت اور بائیومیٹرک شناخت کی مدد سے مسافروں کی شناخت کی تصدیق اور سفری کارروائی خودکار انداز میں مکمل کرتی ہے۔ اس نظام کے ذریعے بیک وقت دس مسافروں کی کلیئرنس ممکن ہے، جبکہ روایتی راستوں پر عموماً ایک وقت میں ایک مسافر کی کارروائی مکمل ہوتی ہے۔

منصوبے کے نتیجے میں مسافروں کے انتظار کا دورانیہ کم کرنے، عملی کارکردگی بہتر بنانے اور مالی بچت حاصل کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین محمد عبداللہ القرقاوی نے کہا کہ کسی شہر کی عالمی مسابقت کا اندازہ لوگوں اور کاروباری سرگرمیوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کی صلاحیت سے لگایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ کارپٹ منصوبہ مسافروں کا قیمتی وقت بچانے، سفری گنجائش بڑھانے اور دبئی کی عالمی حیثیت مزید مستحکم کرنے کی عملی مثال ہے۔

واضح رہے کہ ریڈ کارپٹ سفری راہداری منصوبہ دبئی کے سرحدی اور سفری نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہم پیش رفت ہے۔ یہ منصوبہ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے متعارف کردہ دبئی اِٹ اقدام کا حصہ ہے، جس کا مقصد نئے خیالات کو تیزی سے عملی شکل دے کر سرکاری خدمات میں غیرمعمولی بہتری لانا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...