افغانستان میں اقوا م متحدہ امدادی مشن مزید ایک سال کام کریگا
15 رکنی سلامتی کونسل نے میعاد میں توسیع کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی چین کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے مزید بین الاقوامی کوششوں پر زور
اقوام متحدہ (آئی این پی) اقوام متحدہ کا امدادی مشن مزید ایک سال تک افغانستان میں خدمات انجام دیگا،سلامتی کونسل نے اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کرلی ہے ، اس میں15 رکنی سلامتی کونسل نے افغانستان میں موجود امدادی مشن کی میعاد میں مزید ایک برس کی توسیع کردی ہے ، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور خطے میں سلامتی ، استحکام اور اقتصادی و سماجی ترقی کیلیے مساوی جذبے کے ساتھ علاقائی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے ، دریں اثنا سلامتی کونسل نے اپنی قرارداد میں چین کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کیلئے مزید بین الاقوامی کوششوں کو بھی ضروری قرارد یا ہے ، واضح رہے کہ ’’مشترکہ تقدیر والی انسانی برادری کی تعمیر ‘‘کے چینی تصور کو پہلی مرتبہ سلامتی کونسل کی قرارداد میں شامل کیا گیا ، مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بتایا کہ یہ بات عالمی گورننس میں چین کے عظیم کردار کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے ، اسی قرارداد میں سلامتی کونسل نے علاقائی رابطے ، تجارت و ٹرانزٹ سمیت علاقائی اقتصادی تعاون کے عمل کو مستحکم بنانے کے لئے مزید کوششوں پر بھی زور دیا ، اقوام متحدہ میں چینی مندوب نے اس قرارداد کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔