افغانستا ن :مئی سے 15 اگست تک کب کیا ہوا؟
طالبان نے افغانستان میں تیزی سے پیش قدمی کے بعد کابل سمیت تمام بڑے شہروں کا کنٹرول سنبھال لیا
لندن (دنیا مانیٹر نگ ) اپریل میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا کہ امریکی فوج مئی سے 11 ستمبر کے دوران افغانستان سے نکل جائے گی ، مئی میں طالبان نے جنوبی صوبہ ہلمند میں افغان فوج پر ایک بڑا حملہ شروع کیا اور دوسرے صوبوں میں بھی لڑائی کا آغاز کر دیا ۔جون میں اقوام متحدہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ طالبان نے 370 اضلاع میں سے 50 سے زیادہ پر قبضہ کر لیا ہے ۔ طالبان نے جنوب میں اپنے روایتی گڑھوں سے دور شمال میں حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا۔21 جولائی کو ایک سینئر امریکی جنرل کے مطابق طالبان ملک کے تقریباً نصف اضلاع پر قابض ہو گئے ۔6 اگست کو عسکریت پسندوں نے جنوب میں زرنج پر قبضہ کیا، جو کہ ایک سال میں ان کے قبضے میں آنے والا پہلا صوبائی دارالحکومت تھا ۔ 13 اگست کو ایک دن میں طالبان نے مزید 4 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا، جن میں ملک کا دوسرا شہر قندھار بھی شامل ہے ۔14 اگست کو طالبان نے شمالی شہر مزار شریف پر قبضہ کر لیا۔ 15 اگست کو طالبان نے بغیر کسی لڑائی کے مشرقی شہر جلال آباد پر قبضہ کر لیا اسی طر ح کابل کو بھی گھیر لیا ، افغان صدر تاجکستان چلے گئے اور ملک کا دارالحکومت کابل بھی طالبان کے کنٹرول میں آگیا۔