ہفتے میں دوسری بارامریکیوں کو یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت

 ہفتے میں دوسری بارامریکیوں کو یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت

ماسکو،کیف (دنیا مانیٹرنگ)امریکا نے ایک ہفتے میں دوسری بار اپنے شہریوں کو یوکرائن سے نکلنے کا مشورہ دیاہے۔

کیف میں امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو مشورہ اوران پر زوردیاہے کہ وہ اب یوکرائن سے نکلنے کا سوچیں کیونکہ روس سے بڑھتی کشیدگی کی وجہ سے ملک کی سکیورٹی صورتحال کی فوری درست پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔ادھرپیرس میں برطانیہ اور فرانس کی ثالثی میں روس اور یوکرائن کے نمائندوں کے پہلے براہ راست مذاکرات ہوئے جس میں معاملے کے پرامن حل سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔دوسری جانب رومانیہ کے صدر نے کہاہے کہ نیٹو کے مزید فوجیوں کی میزبانی کیلئے تیار ہیں۔ترجمان کریملن نے کہا ہے کہ صدر پوٹن پر شخصی سطح کی امریکی پابندیوں سے کچھ نہیں ہو گا، البتہ ان کی یوکرائن پرکشیدگی میں کمی کیلئے جاری کوششوں پر منفی اثر پڑے گا۔

رپورٹروں سے گفتگو میں ترجمان دمیتری پیسکوف نے امریکی صدر بائیڈن کی روسی ہم منصب پوٹن پر شخصی پابندیاں لگانے کی دھمکی پر ردعمل میں کہا کہ سیاسی سطح پر اس قسم کی دھمکی تکلیف دہ نہیں، تباہ کن ہے ۔ امریکی ارکان کانگریس اور سینیٹرز جوکہ اس معاملے سے زیادہ واقف نہیں، روسی قیادت کے نمائندوں کے اثاثے منجمد کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، وہ حقائق کا بھی خاص علم نہیں رکھتے وگرنہ انہیں معلوم ہوتا کہ اعلیٰ روسی حکام کے بیرون ملک اثاثے رکھنے پر پابندی عائد ہے ۔ یوکرائن اورنیٹو سے متعلق روس کے سکیورٹی مطالبا ت کا امریکا نے تحریری جواب د یدیا،یہ جواب ماسکو میں امریکی سفارتکار نے وزارت خارجہ پہنچ کر روسی حکام کے حوالے کیا۔جرمنی نے یوکرائن کو پانچ ہزار جنگی ہیلمٹ جبکہ چیک ر یپبلک نے یوکرائن کو چارہزار آرٹلری شیلزدینے کا اعلان کیاہے ۔ادھر امریکی صحافی کے مطابق امریکا نے اسٹونیا کی ایئر بیس پر ایف 15جنگی طیارے تعینات کردیئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں