مقبوضہ کشمیر : حریت رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے

مقبوضہ کشمیر : حریت رہنماؤں  کے گھروں پر چھاپے

سرینگر ،جموں،اسلام آباد(اے پی پی، این این آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے )نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور معروف مبلغ مولانا سرجان برکاتی اور۔۔۔

 دیگر آزادی پسند کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔ بھارتی فورسز نے یہ کارروائیاں شوپیاں، کولگام، اسلام آباد، سری نگر اور دیگر علاقوں میں کیں اور تلاشی کے دوران رہائشیوں کی جائیداد کے کاغذات اور موبائل فون قبضے میں لے لیے ۔ ادھر جموں کی ایک خصوصی عدالت نے دو کشمیری صحافیوں فہد شاہ اور اعلٰی فاضلی کے خلاف بغاوت کے ایک جعلی مقدمے میں فرد جرم عائد کردی ۔ این آئی اے عدالت کے خصوصی جج اشونی کمار نے دونوں کے خلاف نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے گزشتہ برس درج بغاوت کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی۔ دوسری طرف نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کولگام میں اجتماع سے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بی جے پی کی موجودہ حکومت عوام کے لیے نہیں بلکہ بھارتی وزیراعظم کے دفتر کو خوش کرنے کے لیے ہے ۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے موریطانیہ میں او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر سے جنوبی ایشیا میں امن کو شدید خطرہ لاحق ہے ، امید ہے عالمی برادری اس حوالے سے اقدامات کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں