مقبوضہ کشمیر :رواں برس ابتک 3ہزار سے زائد افراد گرفتار

مقبوضہ کشمیر :رواں برس ابتک 3ہزار سے زائد افراد گرفتار

سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں، پولیس اور بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسیوں نے رواں برس اب تک 3 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا۔۔۔

 کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے حریت رہنما ؤں بلال صدیقی فردوس شاہ، شبیر احمد ڈار، جہانگیر غنی ، مولانا سرجان برکاتی ،صحافی عرفان معراج ، ماجد حیدری و دیگر سمیت 3ہزار سے زائد کشمیریوں کو گھروں پر چھاپوں کے دوران اکثریت کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا۔ دریں اثنا بھارتی فورسز کی بارہمولہ، اسلام آباد، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری رہیں اور گھریلو اشیاکی توڑ پھوڑ کی اس دوران سرینگر سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینک کے پولیس افسر شیخ عادل مشتاق کوبھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک معاملے میں تفتیش بھی کی ۔ ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند جنرل سیکرٹری مولوی بشیر عرفانی نے سینٹرل جیل سرینگر سے ایک پیغام میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیراٹھانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکی کشمیریوں کے ساتھ گہری وابستگی کا ثبوت ہے ۔دوسری طرف جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈ کوارٹر کے باہر ایک احتجاجی کیمپ لگایا گیا تاکہ عالمی برادری کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی طرف مبذول کرائی جاسکے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں