سعودی عرب سے امن معاہدہ کے قریب پہنچ چکے ، اسرائیلی وزیراعظم
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل سعودی عرب کیساتھ تاریخی امن معاہدے کے قریب پہنچ چکا ہے ، امن معاہدے سے حقیقی معنوں میں ایک نیا مشرق وسطیٰ جنم لے گا۔
جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدرکی موجودگی میں سعودی عرب کیساتھ امن معاہدے کیلئے پرامید ہے ، اس جامع امن معاہدے کا فلسطینیوں کو بہت فائدہ ہو سکتا ہے ، وہ اس عمل کا حصہ بھی بن سکتے ہیں، تاہم عرب ریاستوں کیساتھ امن معاہدوں میں فلسطینیوں کو ویٹو کا اختیار نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کیساتھ پائیدار قیام امن کیلئے کوشاں ہے ، تاہم فلسطینیوں کو یہودیوں کی علیحدہ ریاست کا حق تسلیم کرنا ہوگا۔انہوں نے ایرانی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ تہران کے خلاف مزید سخت موقف اپنائے ۔