بھارتی دباؤ، فیس بک پر مقبوضہ وادی میں منفی پراپیگنڈے کی اجازت
سان فرانسسکو(کے پی آئی )امریکی اخبار نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ چند سال قبل فیس بک کو بھارتی حکومت کے دباؤ پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں نفرت انگیز تقاریر اور منفی پراپیگنڈے کی اجازت دینا پڑی تھی۔
واشنگٹن پوسٹ کے ایک مضمون کے مطابق تین سال قبل فیس بک پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے کریک ڈاؤن کی تعریف اور کشمیری صحافیوں پر بغاوت کا الزام لگانے کیلئے سینکڑوں جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کیا گیا، جوکہ سری نگر میں تعینات بھارتی فوج کی چنار کور چلاتی تھی۔ جب فیس بک کے سپروائزر نے بھارت میں اپنے ساتھیوں کو جعلی اکاؤنٹس حذف کرنے کی ہدات کی توانہوں نے بھارتی حکومت کے ردعمل کے خوف سے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ بعدازاں فیس بک انتظامیہ نے مداخلت کی اور چنار کور کے جعلی اکاؤنٹس خاموشی سے بند کردیئے ۔ مضمون کے مطابق ٹویٹر بھی بھارتی حکومت کے دباؤ اور ملازمین کے تحفظ سے متعلق خدشات کے پیش نظر اپنے قواعدوضوابط پر سمجھوتہ کر چکا ہے ۔