غزہ :اسرائیلی بمباری جاری صحافی کے 9 قریبی عزیز شہید،لبنان پر بھی حملے

غزہ :اسرائیلی  بمباری جاری صحافی کے 9 قریبی  عزیز  شہید،لبنان  پر  بھی  حملے

غزہ(اے ایف پی،اے پی)غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری رہی ، لبنان پر بھی حملے کئے گئے جبکہ امیر قطر نے کہا ہے کہ عالمی خاموشی شرمناک ہے ۔

اسرائیلی فوج کی سرحد پار گولہ باری سے ایک لبنانی فوجی جاں بحق، تین زخمی ہو گئے لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے سرحدی علاقے عدیسہ میں لبنانی فوج کی ایک پوزیشن کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فوجی شہید، تین زخمی ہوئے ۔ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ میں مزید 2فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، جس سے غزہ جنگ کے دوران ہلاک ہونیوالے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 82 ہو گئی۔غزہ پر اسرائیلی بمباری میں سی این این کے پروڈیوسر ابراہیم داہمان کے 9 قریبی عزیز شہید ہو گئے ۔ سی این این کے مطابق شہدا میں ابراہیم داہمان کے چچا، چچی، چچا زاد بہن، اس کے دو بچے ، پھوپھی ، پھوپھا اور 2 پھوپھی زاد شامل ہیں،ابراہیم کے 2 رشتہ دار شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیئے گئے ۔غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 16248 ہو گئی۔امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے غزہ جنگ پر عالمی خاموشی کو شرمناک قرار دے دیا۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کی غزہ میں لگ بھگ گزشتہ 2 ماہ سے جاری بہیمانہ جرائم پر خاموشی شرمناک ہے جس میں منظم انداز میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو دانستہ ہلاک کیا گیا۔جنوبی غزہ کے شہر خان یونس اور اس کے نواح میں اسرائیل کی شدید بمباری گزشتہ روز بھی جاری رہی، نیوز ایجنسی کے مطابق خان یونس کے نصر ہسپتال میں درجنوں زخمیوں کو ایمبولینسز اور نجی گاڑیوں پر لایا گیا، اقوام متحدہ نے فلسطینی شہریوں کیلئے غزہ کی پٹی میں محفوظ علاقوں کا قیام ناممکن قرار دے دیا۔

ترجمان یونیسف نے جنیوا میں رپورٹروں سے گفتگو میں کہا کہ غزہ میں نام نہاد محفوظ علاقوں کا قیام ممکن نہیں، اسرائیل نے یکطرفہ طور پر جن علاقوں کو محفوظ قرار دے رکھا ہے ، وہ انسان دوست بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محفوظ علاقہ وہ ہوتا ہے جہاں خوراک ، پانی، ادویات اور چھت کی ضمانت دی جا سکے ، غزہ میں ایسا کوئی علاقہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن عمارتوں میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہیں، وہاں ہر 400 افراد کیلئے ایک ٹائلٹ ہے ، جبکہ نام نہاد محفوظ علاقوں میں ایک بھی ٹائلٹ نہیں، پینے کیلئے صاف پانی تک نہیں، ایسے محفوظ علاقے صرف بیماریوں کا گڑھ ثابت ہو سکتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کی صورتحال بتدریج ابتر ہو رہی ہے ، ہم انسانیت کے تاریک ترین لمحات کے قریب ہیں۔ غزہ میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے رفح سے جنیوا میں صحافیوں سے آن لائن رابطے میں کہا کہ وسطی اور جنوبی غزہ سے نقل مکانی کرنیوالوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے ، ہمیں پائیدار جنگ بندی کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں