صومالیہ:دہشتگردوں کا حملہ، 3 اماراتی فوجی، بحرینی افسر شہید

 صومالیہ:دہشتگردوں کا حملہ، 3 اماراتی فوجی، بحرینی افسر شہید

ابو ظہبی، اسلام آباد(رائٹرز، دنیا نیوز)صومالیہ میں دہشتگردوں کے حملے میں 3 اماراتی فوجی اور ایک بحرینی افسر جاں بحق ہو گیا۔

 متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی مسلح افواج کے تین ارکان اور ایک بحرینی افسر اس حملے میں مارے گئے ہیں، وہ صومالی مسلح افواج کو تربیت دینے کے لیے وہاں موجود تھے ۔بیان کے مطابق حملے میں کچھ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔حملے سے متعلق مزید تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔ایک افسر نے رائٹرز کو بتایا کہ حملہ آور ایک تربیت یافتہ صومالی فوجی تھا جسے متحدہ عرب امارات کے زیر انتظام گورڈن فوجی اڈے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔افسر نے بتایا کہ فوجی نے اماراتی ٹرینرز اور صومالی فوج کے اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ نماز پڑھ رہے تھے ، اور اس حملے میں چار اہلکار زخمی جبکہ 5 فوجی شہید ہوگئے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان موغادیشو میں عرب امارات کے فوجی ٹرینرز اور زیر تربیت صومالیہ کے فوجیوں پرحملے کی شدید مذمت کرتا ہے ، ہم متحدہ عرب امارات اور بحرین کی حکومتوں، عوام اور متاثرین کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں