اسرائیلی فوج کے رفح پرحملے ، بچوں ،خواتین سمیت 100شہید

اسرائیلی فوج کے رفح پرحملے ، بچوں ،خواتین سمیت 100شہید

غزہ،اسلام آباد (اے ایف پی،رائٹرز )غزہ کے جنوبی شہر رفح میں پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 100 افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔۔۔

 وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری اور گولہ باری سے 276افراد شہید ، 373زخمی ہوئے جبکہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 28ہزار340 فلسطینی شہید ، 67ہزار 984 زخمی ہو چکے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان کاکہنا تھا کہ پاکستان رفح پر اسرائیل کی فوجی جارحیت اور قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ترجمان کے مطابق رفح میں اسرائیل کی جارحیت عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے ۔دوسری جانب رفح پر اسرائیلی حملے کے بعد مصر نے رفح بارڈر پر فوجی چوکیوں میں اضافہ کر دیا،مصری حکام کے مطابق شمالی سینائی میں مزید فوجی اور مشینری تعینات کر دی ہے ۔ادھر حوثیوں نے بحیرہ احمر میں2 بحری جہازوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں جہازوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنزایجنسی نے کہا کہ متاثرہ جہاز کا عملہ محفوظ ہے ۔

ایک اور سکیورٹی فرم ایمبرے نے کہا کہ مارشل آئی لینڈز کے جھنڈے والے یونان کی ملکیت والے بلک کیریئر کو 20 منٹ کے اندر دو الگ الگ واقعات میں میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ، سٹار بورڈ کی طرف سے جہاز کو نقصان پہنچا ۔ آئی ڈی ایف کے مطابق رفح میں حماس کے ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران یرغمال بنائے گئے اسرائیل اور ارجنٹائن کی شہریت کے حامل 60 سالہ فرنینڈو،70 سالہ لوئس ہار کو بازیاب کرا لیا گیا ، ارجنٹائن کے صدر جاویر میلی نے اپنے دو شہریوں کی بازیابی پر اسرائیل کا شکریہ ادا کیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کے دوران کہا کہ حماس پر مکمل فتح تک جنگ جاری رہے گی۔ حماس نے رفح میں شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا امریکی صدر اور ان کی انتظامیہ شہادتوں کی ذمہ دار ہے ۔ادھر ڈچ عدالت نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ سات دنوں کے اندر اسرائیل کوایف 35لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی برآمد روک دے ،ہیگ کورٹ آف اپیل نے کہاعدالت نے محسوس کیا کہ اسرائیل ایف35 لڑاکا طیاروں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں استعمال کر سکتا ہے ۔ہالینڈ کی حکومت نے عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کر دی ، ڈچ وزیر برائے غیر ملکی تجارت جیفری وین نے اپیل دائر کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کے خیال میں ایف 35طیاروں کے پرزوں کی فراہمی غیر قانونی نہیں ۔ خارجہ پالیسی کا تعین کرنا ریاست پر منحصر ہے ۔لبنانی سکیورٹی فورسز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لبنان کے شہر حولہ پر اسرائیلی گولہ باری سے سارجنٹ علی محمد مہدی مارا گیا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں