غزہ :رفح پر اسرائیلی بمباری ،مزید97شہید ،132زخمی

غزہ :رفح پر اسرائیلی بمباری ،مزید97شہید ،132زخمی

غزہ ،پیرس(اے ایف پی، رائٹرز )گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے97فلسطینی شہید،132زخمی ہو گئے ،غزہ کی وزارت صحت کے مطابق7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک 29ہزار410افراد شہید، 69 ہزار 465زخمی ہو چکے ۔

 

ادھر حو ثیوں نے برطانوی بحری جہاز پر میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی،اسرائیلی پولیس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستی کے قریب تین فلسطینی نوجوانوں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور حاملہ خاتون سمیت آٹھ افراد کو زخمی کر دیا،پولیس نے جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کو مار دیا ۔ فرانس نے کہا ہے کہ اسکی فورسز نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملہ کرنیوالے 2حوثی ڈرون مار گرائے ہیں ۔مغربی کنارے میں فلسطینی ریڈیو سٹیشن اجیال پراسرائیلی جیلوں میں قید اپنے پیاروں کو پیغامات بھیجنے کا نیا طریقہ شروع کر دیا گیا ،ریڈیو شو کا نام’’ قیدیوں کیلئے ‘‘ہے ۔ ریڈیو اجیال کے چیف ایڈیٹر ولید ناصر نے کہا اس وقت ریڈیو شو کسی بھی گرفتار عزیز کے ساتھ یک طرفہ رابطے کا واحد ذریعہ ہے ،غزہ میں جنگ بندی سے متعلق ووٹنگ کی اجازت دینے کے تنازع پر برطانوی پارلیمنٹ کے سپیکر لنزے ہوئل نے اراکین پارلیمنٹ سے معافی مانگ لی۔متحدہ عرب امارات نے عالمی عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای دو ریاستی حل کے ذریعے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے موقف کا اعادہ کرتا ہے کیونکہ منصفانہ اور دیرپا امن کا واحد راستہ یہی ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں