فلسطینیوں کی نسل کشی:امریکی فوجی کی اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے خود سوزی

فلسطینیوں  کی  نسل  کشی:امریکی  فوجی  کی  اسرائیلی  سفارتخانے  کے  سامنے  خود  سوزی

واشنگٹن(اے ایف پی،رائٹرز )واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر امریکی فضائیہ کے ایک ڈیوٹی افسر نے فلسطینیوں پر اسرائیل کے ظلم سے دکھی ہوکر خود کو آگ لگا کر جان دیدی ۔

ہلاک امریکی فوجی کی شناخت 25 سالہ آرون بشنیل کے طور پر کی گئی ہے ۔وہ ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں مقیم ڈیو اوپس انجینئر تھا،بشنیل نے خود سوزی کی منصوبہ بندی سے قبل میڈیا کو ایک پیغام بھی بھیجا تھا۔ اس نے خبردار کیا کہ آج میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کے خلاف شدید احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ انہوں نے ویب براڈکاسٹنگ پلیٹ فارم ٹویچ پر بھی اس عمل کو براہ راست نشر کیا ۔فوٹیج میں واضح طور پر اسے یہ کہتے سنا گیا کہ ’’میں اب نسل کشی میں مزید سہولت کار نہیں بنوں گا ‘‘۔ ٹائم میگزین کی جانب سے لی گئی فوٹیج میں ایئر مین نے اسرائیلی سفارت خانے کے ڈرائیو وے کی طرف جاتے ہوئے کہا کہ میں انتہائی اقدام کرنے والا ہوں لیکن فلسطین میں نوآبادیات کے ہاتھوں لوگ جو ازیت سہہ رہے ہیں اس کے مقابلے میں یہ بالکل بھی انتہائی نہیں ہے ۔ ہمارے حکمران طبقے نے یہی فیصلہ کیا ہے کہ یہ ظلم اب معمول کا حصہ ہوگا۔جب بشنیل نے خود کو پٹرول چھڑکا اور اپنا لائٹر لیا تو نامعلوم سکیورٹی اہلکارکو آف سکرین پر یہ پوچھتے سنا جا سکتا ہے کہ کیا میں آپ کی مدد کر سکتا ہوں؟، خود کو آگ لگانے کے بعد بشنیل نے بار بار’’فلسطین کو آزاد کرو‘‘ کے نعرے لگائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں