غزہ:اسرائیل کا فضائی حملہ،امریکی امدادی گروپ کے 7 کارکن مارے گئے

غزہ:اسرائیل  کا  فضائی حملہ،امریکی  امدادی  گروپ  کے 7  کارکن  مارے  گئے

رام اﷲ(اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں امریکی امدادی گروپ کے 7 کارکن ہلاک ہوگئے ۔ غیر سرکاری تنظیم ورلڈ سنٹرل کچن کے 7ملازمین اسرائیلی فضائی حملے میں اس وقت ہلاک ہو ئے جب وہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلاح میں 3گاڑیوں پر سفر کررہے تھے ۔

 مرنے والوں میں امریکا ،کینیڈا،آسٹریلیا ،پولینڈ ،برطانیہ اور فلسطین کے باشندے شامل ہے ،وہ بندرگاہ کا معائنہ کرنے کے مشن پر   تھے ،حملے میں ڈرائیورز سمیت کوئی شخص بھی زندہ نہیں بچا ۔اس کارروائی کے بعد امریکی امدادی گروپ کی طرف سے امدادی کام روک دیاگیا جبکہ امریکا اور آسٹریلیا نے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔ حماس نے اسرائیلی حملے کو امدادی کارکنوں کو خوف زدہ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست غزہ میں امدادی کاموں کو روکنا چاہتی ہے ۔ اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فضائی حملے میں غیر ارادی طور پر 7امدادی کارکنوں کو ہلاک کر دیا ،ان کا کہناتھاکہ یہ ایک افسوسناک معاملہ ہے جس کی تحقیقا ت کی جائیں گی۔امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ وائٹ ہاؤس اس واقعہ پر دلی طور پر دکھی ہے ،امدادی کارکنوں کو محفوظ ہونا چا ہئے کیونکہ وہ امداد فراہم کرتے ہیں،ان کی حفاظت کیلئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ترجمان کاکہناہے کہ ورلڈ سنٹرل کچن کے عملے کے 7 ارکان کی ہلاکت اسرائیل اور حماس جنگ میں امدادی کارکنوں کے تحفظ کو نظر انداز کرنے کی بری مثال ہے ،اس کا سدباب ہوناچاہئے ۔سپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔پیدرو سانچیز نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آئرلینڈ ،مالٹا اور سلووینیا کے وزرائے اعظم کے ساتھ موسم گرما سے قبل ایک سازگار ماحول میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے مشترکہ فیصلے کا اعلان کیا جا سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں