امریکی سینیٹ سے بھی اسرائیل ، یوکرین ، تائیوان کیلئے 95 ارب ڈالر کا امدادی پیکیج منظور

امریکی  سینیٹ  سے  بھی  اسرائیل  ،  یوکرین  ، تائیوان  کیلئے  95 ارب  ڈالر  کا  امدادی  پیکیج  منظور

غزہ،واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی ایوان نمائندگان کے بعد کانگریس (سینیٹ)نے بھی اسرائیل، یوکرین،تائیوان کیلئے 95 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دیدی۔ کانگریس نے امدادی پیکیج کا بل 18کے مقابلے میں 79 ووٹوں کی واضح اکثریت سے منظور کیا۔

پیکیج میں سے 61 ارب ڈالر یوکرین اور تائیوان کے لیے ہوں گے جبکہ 26 اعشاریہ ایک ارب ڈالر اسرائیل کی ملٹری سپورٹ کیلئے ہوں گے جس میں سے 9 اعشاریہ ایک ارب ڈالر غزہ میں انسانی حقوق کی بنیاد پر امداد کیلئے مختص ہوں گے ۔دوسری جانب امریکی صدر نے امدادی پیکیج کے بل پر دستخط کر دئیے ۔اس موقع پر جوبائیڈن نے کہا بل کی منظوری سے ہماری قوم اور دنیا مزید محفوظ ہو سکے گی،ہمارے دوستوں کو حماس کی دہشتگردی اور روسی صدر کے ظلم و جبر کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی ۔علاوہ ازیں چین کے دفترِ امورِ تائیوان کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی بل تائیوان کے علیحدگی پسندوں کیلئے غلط سگنل ہے ۔امدادی بل کی منظوری کی مکمل مخالفت کرتے ہیں۔ امریکا تائیوان کی آزادی کی حمایت نہ کرنے کے وعدے کی پاسداری کرے ۔تائیوان کے صدر کا کہنا ہے کہ امریکی امدادی بل کی سینیٹ سے منظوری پر انتہائی خوش ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے امریکی سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا امداد کی منظوری ہمارے دشمنوں کیلئے طاقت ورپیغام ہے جو امریکا اور اسرائیل کے درمیان اتحاد کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 79 افراد شہید،86زخمی ہوگئے ۔ وزارت صحت کے مطابق اکتوبر2023 سے ابتک 34 ہزار 262 فلسطینی شہید ، 77 ہزار 229 زخمی ہوچکے ۔یورپی یونین نے غزہ کے دو ہسپتالوں میں اجتماعی قبروں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ حزب اللہ نے کہا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیل پر راکٹوں کی ایک تازہ بیراج فائر کی، حملوں میں صیہونی میجر ہلاک اور کئی فوجی زخمی ہو ئے ۔ راملہ میں یہودیوں کے مذہبی تہوار عیدالفصح پر مسجدِ ابراہیمی میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔درجنوں فلسطینیوں کو مسجدِ اقصیٰ سے نکال دیا گیا۔یاد رہے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں واقع مسجدِ ابراہیمی میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قبر مبارک ہے ۔ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے شمال میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کر کے فلسطینی خاتون میمونہ عبدالحمید کو شہید کر دیا۔ادھر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف امریکا کی یونیورسٹیوں میں احتجاج کے بعد مظاہرین نیویارک کی کاؤنٹی بروکلین میں سڑکوں پر امڈ آئے ۔ رائٹرز کے مطابق امریکی جامعات میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ یہودی، عیسائی ، مختلف مذاہب اور مکتب فکر کے طلبا اور فیکلٹی اراکین نے احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔یونیورسٹی آف ٹیکساس میں سینکڑوں فلسطینی حامی مظاہرین کا بدھ کو ریاستی فوجیوں کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔حماس نے بدھ کے روز غزہ میں یرغمال بنائے گئے ایک اسرائیلی نژاد امریکی شخص ہرش گولڈ برگ پولن کی ویڈیو جاری کی ، فوٹیج میں اسے زندہ دیکھا گیا ہے ۔

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں