غزہ:حماس کا حملہ، 3 اسرائیلی فوجی ہلاک، 20 سے زائد زخمی

غزہ:حماس کا حملہ، 3 اسرائیلی فوجی ہلاک، 20 سے زائد زخمی

غزہ(اے ایف پی)اسرائیلی فوج نے کہا کہ اتوار کو علی الصبح غزہ سے کریم شالوم سرحدی گزرگاہ کی طرف فائر کیے گئے راکٹوں کے ایک بیراج میں تین فوجی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تین فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

حماس نے کہا ہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مذاکرات ختم ہونے کے بعد حماس کے مذاکرات کار مزید مشاورت کیلئے دوحہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے مطالبے کے سامنے ہتھیار ڈالنا شکست کے مترادف ہوگا۔ قطر میں مقیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ نے نیتن یاہو پرذاتی مفاد کیلئے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے مزید 29 افراد شہید اور 151 زخمی ہوگئے، وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک 34 ہزار 683 فلسطینی شہید اور 78 ہزار 18 زخمی ہوچکے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ان کی حکومت نے قطر ی نیوز چینل الجزیرہ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر مواصلات شلومو کارہی نے کہا الجزیرہ کو فوری طور پر بند اور سامان ضبط کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاچینل کے مواد کو ڈلیور کرنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے، بشمول ایڈیٹنگ اور روٹنگ کا سامان، کیمرے، مائیکروفون، سرور اور لیپ ٹاپ، نیز وائرلیس ٹرانسمیشن کا سامان اور کچھ سیل فون بھی ضبط کئے جائیں گے۔ الجزیرہ کے بیورو چیف نے کہا کہ اسرائیل کا فیصلہ خطرناک اور سیاسی ہے۔ قانونی چارہ جوئی کے لیے الجزیرہ کی لیگل ٹیم کام کر رہی ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد امریکا نے پہلی مرتبہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔دوسری جانب اسرائیل کا دعویٰ ہے امریکی امداد کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے ۔جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید ہو گئے۔ امریکا میں 50 سے زائد یونیورسٹیز میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج جاری ہے۔ 17 اپریل سے اب تک امریکا میں 2400 سے زیادہ طلبا گرفتار کیے جاچکے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں