وزیراعلیٰ پختونخوا کا بلدیاتی نمائندوں کااعزاز یہ اور مراعات بڑھانے کافیصلہ

وزیراعلیٰ پختونخوا کا بلدیاتی نمائندوں کااعزاز یہ اور مراعات بڑھانے کافیصلہ

پشاور (اے پی پی،مانیٹرنگ)وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ اور مراعات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں مالی بحران کا سامناہے جس کے لئے ہم نے وفاق سے اپنا حق لینے کے لئے جدوجہد شروع کی ہے ۔ بلدیاتی نمائندے اس جدوجہدمیں ہمارا ساتھ دیں۔

 وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہفتہ کوبلدیاتی نمائندوں کے مسائل سے متعلق اجلاس  ہوا جس میں لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے صدر حمایت اﷲ مایار کی قیادت میں تحصیل چیئرمینز، ویلج کونسلز اور نیبرہوڈ کونسلز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلٰی نے آئندہ بجٹ میں بلدیاتی نمائندوں کے اعزازیہ اور دیگر مراعات کے لئے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اجلاس میں وی سی این سی چیئرمین کے دفاتر کے لئے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی گرانٹس کی فراہمی کے لئے ایکٹ میں ضروری ترامیم جلد صوبائی اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ وزیراعلٰی نے متعلقہ حکام کو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو گاڑیوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کے لئے بلدیاتی نظام کا کردار انتہائی اہم ہے ، صوبے میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے گا، بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے قانونی اور انتظامی اصلاحات کی جائیں گی ۔گنڈا پور نے کہا کہ مقامی انتظامیہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی، انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کو مالی مسائل کا سامنا ہے ، بلدیاتی نمائندے بلدیاتی اداروں کو مالی طور پر خود انحصار بنانے کے لئے پلانز ترتیب دیں، بلدیاتی ادارے اپنی آمدن کو بڑھانے کے لئے جائیدادوں کا موثراستعمال کریں ۔ٹی ایم ایز کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے چھڑانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں