اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں:پراسیکیوٹر عالمی عدالت

اسرائیلی  وزیر اعظم  کے  وارنٹ  گرفتاری  جاری  کئے جائیں:پراسیکیوٹر عالمی عدالت

دی ہیگ (اے ایف پی)عالمی عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور حماس کے رہنماؤں کے خلاف جنگی جرائم کے شبے میں وارنٹ گرفتاری کیلئے درخواست دی ہے ۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف لوگوں کو بھوک سے مارنے ،جان بوجھ کر قتل سمیت دیگر جرائم کیلئے وارنٹ طلب کر رہے ہیں۔اسرائیل نے ریاستی پالیسی کے مطابق انسانیت  کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا۔انہوں نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ، محمد ضیف اور یحیی سنوار کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔اسرائیل نے وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کو عدالت کی تاریخی رسوائی قرار دیا۔اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے کہا کہ یہ ایک بدتمیز فیصلہ ہے ۔ حماس نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ سمیت دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔مقتول کو جلاد کے برابر کرنے کی کوششیں کی گئی ۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ لبنان کے دو مختلف مقامات پر اسرائیلی حملوں میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے ۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے شام میں حمص کے علاقے پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں چھ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو مارے گئے ۔وزارت صحت کے مطابقگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے 106افراد شہید،149زخمی ہو گئے ۔ جنگ میں ابتک35ہزار 562فلسطینی شہید ، 79ہزار 652زخمی ہو چکے ۔غزہ کے علاقے رفح و دیگر مقامات پر اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری سے کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں ،خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے ۔ اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں البریج کیمپ اور دیر البلاح پر بھی بمباری کی ۔امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری کی درخواست اشتعال انگیز اور قابل مذمت ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ نے عدالت کے اختیار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جنگ بندی کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں