سلامتی کونسل :غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکی قرارداد منظور

سلامتی کونسل :غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکی قرارداد منظور

نیو یارک،غزہ ،یرو شلم(رائٹرز،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکی قرارداد منظور کرلی۔

سلامتی کونسل نے  صدر جو بائیڈن کی طرف سے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیش کردہ تجویز کی حمایت کی ،قرار داد میں حماس پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاہدے کو قبول کریں جس کا مقصد 8ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنا ہے ۔ حماس نے امریکی مسودہ قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ثالثوں کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے ۔روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، جبکہ سلامتی کونسل کے بقیہ 14 اراکین نے 31 مئی کو بائیڈن کی طرف سے پیش کردہ تین فیز جنگ بندی کے منصوبے کی حمایت کرنے والی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے ووٹنگ کے بعد کونسل کو بتایا کہ آج ہم نے امن کے لیے ووٹ دیا۔قرارداد میں جنگ بندی کی نئی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کو قبول کر لیا ہے ،قرار داد میں حماس سے جنگ بندی پر رضامندی کا مطالبہ کیا ہے ،دونوں فریقوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر اور شرط کے تجاویز کو مکمل طور پر نافذ کریں۔یاد رہے سلامتی کونسل نے مارچ میں فوری جنگ بندی اور حماس کے زیر حراست تمام یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اس کے ایک ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے مار گرایا ہے ۔ حزب اللہ نے کہا گزشتہ روز گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی فوجی چوکی پر ڈرونز کے سکواڈرن سے حملہ کیا ۔حملے میں کئی اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوئے جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ حملے کے بعد فوجی چوکی کے ایک حصے کو آگ لگ گئی۔دریں اثنا رفح اور غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بر بریت جاری ہے ،حملوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے ۔ رفح پر اسرائیلی بمباری میں مزید 5 افراد جاں بحق ، 30 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔مواصی کے مقام پر رفح سے بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیموں کو بھی اسرائیلی فوج نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ المغازی کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 12 افراد زخمی ہو گئے ۔علاوہ ازیں غزہ میں جنگ بندی پر بات چیت کیلئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ پہنچ گئے ۔انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم ،زیر دفاع اور مصری صدر سے ملاقاتیں کیں ۔پینٹاگون نے کہا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے کئے گئے آپریشن میں امریکی عارضی بندر گاہ استعمال نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں