امریکی فوجی راز لیک کرنیوالے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج رہا

امریکی  فوجی  راز لیک  کرنیوالے وکی لیکس  کے  بانی  جولین  اسانج  رہا

بنکاک (اے ایف پی)امریکہ سے معاہدے کے بعدامریکی فوجی راز لیک کرنے کے الزام میں گرفتار وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو1901روز بعد رہا کردیاگیا۔

 عدالتی دستاویزات کے مطابق جولین اسانج نے خفیہ امریکی فوجی دستاویزات حاصل اور لیک کرنے کی سازش کے واحد جرم کو قبول کرنے پر اتفاق کیا ، انہیں آج بدھ کو سیپن جزیرے پر ہونے والی سماعت میں 62 ماہ کی سزا سنائی جائے گی، جو وہ پہلے ہی پوری کرچکے ہیں،انہوں نے 1901 دن جیل میں گزارے ۔ وکی لیکس کے مطابق جولین اسانج پانچ سال برطانوی حراست میں گزارنے کے بعد پیر کو رہائی کے بعد سٹینسٹیڈ ہوائی اڈے سے ایک طیارے میں سوار ہوکربرطانیہ سے روانہ ہو گئے ،اس کی منزل کے بارے میں کوئی کنفر م اطلاع سامنے نہیں آئی وہ ممکنہ طو رپر آسٹریلیا روانہ ہوئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی لیکس کے بانی کو لندن کی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہائی دیدی ہے جس کے بعد وہ برطانیہ سے روانہ ہوگئے ، اسانج نے رہائی کے بدلے امریکی محکمہ انصاف سے اعتراف جرم پر آمادگی کی ڈیل کرلی ہے ۔جولیان اسانج نے 2010 میں افغان اور عراق جنگ سے متعلق امریکی فوج کی خفیہ دستاویزات سمیت مختلف ممالک میں مقرر امریکی سفارتکاروں کی جانب سے بھیجی گئی خفیہ معلومات جاری کردی تھیں۔جولیان اسانج کی رہائی سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وکی لیکس کا کہنا تھا کہ اسانج کی رہائی پریس کی آزادی کیلئے کام کرنے والے لوگوں، مختلف ممالک کے سیاسی رہنماؤں سمیت قانون دانوں اور اقوام متحدہ کی مہم کا نتیجہ ہے ۔جولیان اسانج کو پہلی مرتبہ 2010 میں برطانیہ میں سوئیڈن کی درخواست پر یورپین اریسٹ وارنٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ وارنٹ کیلئے سوئیڈن کے حکام نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ جولیان اسانج سے سیکس کرائم کے الزامات کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کرنا چاہتے ہیں، بعد ازاں وہ الزامات خارج کردئیے گئے تھے ۔اس کے بعد جولیان اسانج ایکواڈور کے سفارت خانے منتقل ہو گئے اور سوئیڈن سے بے دخلی سے بچنے کیلئے اگلے 7 سال وہیں قیام کیا۔2019 میں جولیان اسانج کو ضمانت کیلئے عدالت میں پیش نہ ہونے کے جواز پر سفارتخانے سے نکال کر جیل بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد وہ اپنی رہائی تک لندن کی بیلمارش جیل میں قید رہے ۔جولیان اسانج کا جیل میں گزارا ہوا 5 سال کا دورانیہ ان پر عائد الزامات کی سزا کیلئے مقرر دورانیے کے برابر ہونے کے باعث برطانوی عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔بیلمارش جیل میں رہتے ہوئے جولین اسانج نے اپنی ساتھی سٹیلا سے شادی کی جس سے ان کے دو بچے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں