لوک سبھا میں جئے فلسطین ،اللہ اکبرکے نعرے ،انتہاپسندتلملااٹھے

لوک سبھا میں جئے فلسطین ،اللہ  اکبرکے نعرے ،انتہاپسندتلملااٹھے

نئی دہلی (آئی این پی)بھارت کی مسلمان اکثریتی سیاسی جماعت کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی کی حلف برداری کے دوران لوک سبھا میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

حلف لینے کے بعد اسد الدین اویسی نے ایسے نعرے  لگائے جس کی وجہ سے کئی ارکان مشتعل ہوگئے ۔بھارت کی اٹھارہویں لوک سبھا (پارلیمنٹ) کیلئے منتخب ارکان کی حلف برداری پیر سے جاری ہے ،وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے والے پہلے شخص تھے ،اب تک 350 سے زائد ارکان اسمبلی حلف اٹھا چکے ہیں۔ اسد الدین اویسی نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف اردو میں اٹھایا۔ جب ان کا نام پکارا گیا تو ایوان میں بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگائے گئے ، اس کے ساتھ ہی کچھ ارکان پارلیمنٹ نے جئے شری رام کے نعرے لگائے ۔جب اویسی حلف لینے کیلئے ڈائس پر پہنچے تو انہوں نے اردو میں حلف لیا اور جئے بھیم، جئے میم، جئے تلنگانہ، جئے فلسطین کا نعرہ لگایا اور آخر میں تکبیر اللہ اکبر کہا۔لوک سبھا رکن شوبھا کرندلاجے نے اسد الدین اویسی کے نعروں پر سوال اٹھایا۔ اس کے بعد پارلیمنٹ میں موجود دیگر ارکان نے بھی جئے فلسطین کہنے پر اعتراض کیا۔تنازع کو بڑھتا دیکھ کر بینچ پر بیٹھے رادھا موہن سنگھ نے اسے ریکارڈ سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں