بنگلادیش:سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم کیخلاف احتجاج 6 طلبہ ہلاک، 100زخمی ، سکول بند

بنگلادیش:سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم کیخلاف احتجاج 6 طلبہ ہلاک، 100زخمی ، سکول بند

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی) بنگلادیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبہ کا احتجاج پُرتشدد صورت اختیار کرگیا۔ گزشتہ روزکوٹہ مخالف مظاہرین اور وزیر اعظم حسینہ واجدکے حامی طلبہ ونگ کے درمیان جھڑپوں میں 6 طلبہ ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے ۔

سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے لیے ہزاروں طلبہ کا احتجاج جاری ہے ، طلبہ نے ریلوے اور بڑی شاہراہیں بلاک کر دیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ طلبہ کا مطالبہ ہے کہ سرکاری نوکریاں میرٹ پر دی جائیں جبکہ وزیر اعظم حسینہ واجد نے یہ کہتے ہوئے طلبہ کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے کہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے ، انہوں نے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو رضاکار قرار دیا۔ بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں میں 6 طلبہ کی ہلاکت پرملک بھر کے سکولوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیاگیاہے ۔سرکاری حکم کے مطابق ہر ہائی سکول، اسلامی مدرسے اور پیشہ ورانہ تعلیمی ادارے کو سول سروس کی بھرتی کی پالیسیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے مظاہروں کے بعد اگلے نوٹس تک بند رہنے کیلئے کہا گیا ہے ۔حکومت کے حامی اورمخالف طلبا گروپوں نے گزشتہ روز ایک دوسرے پر اینٹوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا، پولیس نے ریلیوں کو آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں سے منتشر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں