مقبوضہ کشمیر : ڈوڈہ کے جنگل میں جھڑپ،4نوجوان شہید ، بھارتی فوج کا کیپٹن ہلاک

مقبوضہ کشمیر : ڈوڈہ  کے  جنگل  میں  جھڑپ،4نوجوان  شہید ،  بھارتی  فوج  کا  کیپٹن  ہلاک

جموں،سرینگر (اے پی پی،این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز ضلع ڈوڈہ میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع ڈوڈہ 

  کے علاقے شیو گڑھ اسر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے علاقے میں متعدد کشمیری زخمی بھی ہوئے ۔ محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران ضلع ڈوڈا کے ایک جنگل میں بھارتی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا ،فائرنگ کے تبادلے اور جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا کیپٹن ہلاک ہو گیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مودی انتظامیہ کی سخت پابندیوں کے باوجود گزشتہ روز پاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ خطے کے مختلف حصوں میں لوگوں نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا، مختلف علاقوں میں لوگوں نے پوسٹر چسپاں کیے جن کے ذریعے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ لوگوں نے پاکستان کے حق میں اور بھارتی قبضے کیخلاف نعرے بھی لگائے ۔ تحریک خواتین کشمیر کی رہنما حفضہ بانو نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان تنازع کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے ۔ تقریب کے مقررین نے پاکستان کی سلامتی ، امن اور ترقی کیلئے دعا کی۔ دیگر کئی حریت جماعتوں نے بھی سرینگر اور دیگر علاقوں میں پاکستان کا یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا۔ تقاریب سے حریت رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے عزم کو دبانے میں ناکام رہا ہے ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آج بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر ایک مرتبہ پھر بھارت پر واضح کر دیں کہ وہ اسکے ساتھ ہرگز نہیں رہنا چاہتے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں