غزہ:اسرائیل کی بمباری،سکول میں پناہ لئے ہوئے12 فلسطینی شہید

غزہ:اسرائیل  کی  بمباری،سکول  میں  پناہ لئے  ہوئے12 فلسطینی  شہید

غزہ (اے ایف پی)اسرائیل نے سکول میں پناہ لئے ہوئے فلسطینیوں پر بمباری کرکے 12 افراد کو شہید کردیا جبکہ اسرائیلی فوج نے 7اکتوبر 2023کو اغوا کئے جانیوالے 6مغویوں کی لاشیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

سول ڈیفنس ایجنسی غزہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایاکہ غزہ شہر کے مغرب میں اسرائیلی طیاروں نے مصطفی حافظ سکول پر بمباری کی جس میں پناہ گزین موجودتھے ، حملے میں 12افراد شہید ہوگئے  جبکہ15شدیدزخمی ہوئے ،عمارت کی دوسری منزل تباہ ہوگئی ۔اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کی تاہم موقف اپنایاکہ سکول کو اس لئے نشانہ بنایا گیا کیونکہ اس میں حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر موجود تھا۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہناہے کہ رات گئے ایک آپریشن کے دوران 6 مغویوں کی لاشوں کو خان یونس شہر کے ایک غار سے برآمد کیا گیا ۔اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے لبنان میں منصوری اور طیبہ کے علاقوں میں حزب اﷲ کے دو ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جبکہ حزب اﷲ کی طرف سے اسرائیل کی طرف 55 پروجیکٹائل فائر کئے گئے جس سے کچھ علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔ دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہاہے کہ حماس اسرائیل کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق کرنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے ۔ حماس نے امریکی صدر کے بیان کو اسرائیل کوحملے جاری رکھنے کا گرین سگنل قرار دے دیا اورکہاکہ ہم لوگوں کی زندگیا ں بچانے کیلئے جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے خواہشمندہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں