انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے سے 10افراد ہلاک
ایسٹ فلورز(اے ایف پی)مشرقی انڈونیشیا میں آتش فشاں پھٹنے سے اردگرد کے دیہات آگ کے گولوں اور راکھ کی زد میں آ گئے جس سے 10 افراد ہلاک ہو گئے ۔
حکام نے میڈیا کو بتایا کہ فلورز کے مشہور سیاحتی جزیرے پر واقع 1ہزار7سو3میٹر بلند جڑواں آتش فشاں ماؤنٹ لیوتوبی لاکی اتوار اور پیر کی درمیانی شب پھٹ گیا جس کے باعث کئی دیہات خالی کروائے گئے ۔مکینوں نے کہا کہ آتش فشاں سے ان کے گھروں پر جلتی ہوئی چٹانیں برسنے لگیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے بی این پی بی کے ترجمان عبدالمہری نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آتش فشانی سے 10ہزار2سو95افراد متاثر ہوئے ۔لکڑی کے کئی گھروں میں آگ لگ گئی اور پگھلی ہوئی چٹانیں گرنے کی وجہ سے زمین پر سوراخ ہو گئے ۔آتش فشانی ایجنسی نے بتایا کہ آتش فشاں نصف دو مرتبہ پھٹا۔آتش فشاں چٹانوں کے ٹکرانے سے مکانات کی چھتیں گر گئیں اور مقامی لوگوں نے قریبی عمارتوں میں پناہ لی۔ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث لاوے کے سیلاب کا امکان ہے ۔