مقبوضہ کشمیر:بھارتی مظالم جاری،دو روز میں 3نوجوان شہید
سری نگر،نئی دہلی(اے ایف پی ،کے پی آئی) قابض بھارتی فوج نے شمالی کشمیر، سرینگر اور کشتواڑ میں گزشتہ دو روز میں فوجی آپریشنز میں تین نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔
گزشتہ روز ضلع بارہمولہ کے علاقے رام پورہ سوپور میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کیا گیا ۔قبل ازیں ہفتے کے روز بھارتی فوج اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے علاقے کا محاصرے کرکے گھرگھر تلاشی کی کارروائی شروع کی۔اس دوران بھارتی فوج نے سگی پورہ میں فائرنگ کر کے دونوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔دوسری جانب ضلع کشتواڑ میں کشمیر ی حریت پسندوں اور قابض فوج کے درمیان شدید جھڑپوں میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر نائب صوبیدار راکیش کمار ہلاک جبکہ 3سپاہی زخمی ہو گئے ۔تازہ اطلاعات کے مطابق بارہمولہ اور زبرووان کے علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔بھارت کے ایک سابق جج نے وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے سیاسی ایجنڈے کے لئے انتشاری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جس سے ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان ملک بھر میں کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مارکنڈے کاٹجو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ بھارت میں مودی کی سیاست فرقہ وارانہ تشدد خاص طور پر مسلمان اور عیسائی برادریوں کے خلا ف نفرت کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔