اسرائیلی بمباری ،غزہ 40،لبنان 28،شام میں 7شہید
غزہ ،بیروت ،دمشق(رائٹرز،اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ ،لبنان اور شام پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں متعددافراد شہید و زخمی ہو گئے ۔
شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ پر حملے میں 40 ، لبنان کے دارالحکومت بیروت میں28جبکہ دمشق کی رہائشی عمارت پر بمباری سے 7 شامی شہید ہو گئے ،حملوں میں سینکڑوں افراد زخمی بھی ہو ئے ۔ادھر حزب اللہ اور عراقی اسلامی مزاحمتی گروپ نے اسرائیل کے اہم اہداف پر ڈرون اور راکٹ حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔ادھر غزہ میں حماس کے حملے میں میجر سمیت 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے جبکہ جنوبی لبنان میں بھی 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے اور 7 زخمی ہوئے ہیں ۔صیہونی وزیر خزانہ سموٹریچ نے کہا ہے کہ 2025تک مغربی کنارے کواسرائیل کا حصہ بنا لیا جائیگا۔وزیر خزانہ کے دفتر سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ مغربی کنارے پر اسرائیلی اقتدار کو تسلیم کر لے گی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ حزب اللہ کے اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر حملے کے بعد نیتن یاہو نے اپنا دفتر بالائی منزل سے تہہ خانے میں منتقل کرلیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق آئی ڈی ایف کو فوجیوں کی تعداد میں کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔آئی ڈی ایف کے اعداد و شمار کے مطابق طویل جنگ کے بعد اب غزہ اور لبنان میں جنگ لڑنے کے لیے حامی بھرنے والے ریزرو فوجیوں میں 15 سے 25 فیصد تک کمی آچکی ہے ۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی لبنانی دیہات پر اب تک قبضہ نہیں کر سکی ۔