افغانستان :درگاہ پر فائرنگ ، 12افراد جاں بحق
کابل(اے ایف پی) افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں ایک صوفی بزرگ کی درگاہ پر فائرنگ سے کم از کم 12 افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہو گئے ۔
طالبان کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک حملہ آور نے ضلع نہرین میں صوفی بزرگ کی درگاہ میں ہفتہ وار تقریب میں موجود زائرین کو نشانہ بنایا ۔ نہرین کے ایک رہائشی نے بتایا کہ سید پاچا آغا کے مزار پر حملے کے وقت عشا کی نماز ادا کی جا رہی تھی۔درگاہ میں کئی نمازی موجود تھے ۔تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔واضح رہے افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے امام بارگاہوں، درگاہوں پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے ۔ستمبر میں وسطی افغانستان میں ایک حملے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جو کربلا سے واپس آنے والے زائرین کے استقبال کیلئے جمع ہوئے تھے ۔اس حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔