’’عمران خان کو ’’کمپرومائز‘‘رہنماؤں سے زیادہ اہلیہ پر اعتماد ‘‘

’’عمران خان کو ’’کمپرومائز‘‘رہنماؤں سے زیادہ اہلیہ پر اعتماد ‘‘

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی اور بہن مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اپنی پارٹی کے کمپرومائزلیڈرز سے زیادہ بشریٰ بی بی پر اعتماد ہے ۔

 پارٹی رہنما بانی کی ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کرتے جس کے سبب بشریٰ کو عملی میدان میں آگے لایا گیا، فائنل کال کے احتجاج والے دن بھی بشریٰ نے صرف بانی کی ہدایت اور ان کے مفاد کیلئے کام کیا۔برطانوی اخبار گارڈین سے بات  کرتے ہوئے مشعال یوسف زئی کا کہنا تھاکہ بانی پارٹی قیادت کی طرف سے اپنی ہدایات عوام تک نہ پہنچانے اور ان کے جوڑ توڑ سے سخت مایوس ہیں، بانی نے بشریٰ سے کہا ہے کہ وہ اب ان کا پیغام براہ راست پہنچائیں۔ بشریٰ کو سیاست کا تجربہ نہ ہونے کے سبب انہیں قطعی ہدایات دی جائیں گی، بانی نے بشریٰ کے ذریعے ہی فائنل کال کا پیغام دیا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر حتمی احتجاج کرو۔مشعال نے بتایاکہ بشریٰ کے سیاسی عزائم نہیں، وہ پرسکون روحانی شخصیت ہیں، وہ صرف بانی اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہیں۔بشریٰ کی بہن مریم ریاض وٹو نے الزام عائد کیاکہ بانی کے قریبی ساتھیوں کا کردار مشکوک ہے ، لگتا ہے کہ اپنے فائدے کیلئے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، بشریٰ پر احتجاج کے دوران اسلام آباد کے مرکز جانے سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔برطانوی اخبار کے مطابق مریم وٹو نے ہی 2015 میں بانی اور بشریٰ کا تعارف کرایا تھا، پی ٹی آئی میں ایک طبقہ بشریٰ کو پسند نہیں کرتا اور ان کے خلاف مہم جوئی میں مصروف ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں