غزہ :اسرائیلی حملے جاری ،48شہید ،100سے زائد زخمی
غزہ ، ہیگ(اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ،24گھنٹوں میں48افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔
دوسری جانب انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ جنگ کے آغاز سے ہی فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔ایمنسٹی نے اپنی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس میں موجود معلومات اسرائیلی حکومت اور عسکری حکام کے غیرانسانی اور نسل کشی کے بیانات، سیٹلائٹ تصاویر اور زمینی حقائق پر مبنی ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنس کیلامارڈ نے کہا یہ نسل کشی ہے ، اسے اب روکنا چاہیے ۔ادھر قطر نے ایک مختصر تعطل کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوششوں میں ثالث کے طور پر اپنا کردار دوبارہ شروع کر دیا ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار580فلسطینی شہید،1لاکھ 5ہزار 739زخمی ہو چکے ۔