یونان :تارکین کی کشتی الٹنے سے پاکستانیوں سمیت 5ہلاک،کئی لاپتا
ایتھنز،اسلام آباد(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)یونان کے جنوبی جزیرے گیودوس میں مہاجرین کو لے کر جانے والی لکڑی کی بنی کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔
پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے چند شہریوں کو بچالیا گیا۔پاکستان کی وزارت داخلہ نے کشتی اُلٹنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے پانچ روز میں رپورٹ طلب کر لی ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونانی کوسٹ گارڈ نے کشتی میں سوار 39 افراد کو بچالیا ہے جن میں اکثریت پاکستانی شہریوں کی ہے ۔کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے والے مسافروں کی کل تعداد کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔