حوثیوں کا اسرائیلی دارالحکومت پر میزائل حملہ،16زخمی
غزہ ،تل ابیب(اے ایف پی،رائٹرز)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 24گھنٹے کے دوران کم ازکم 21افراد شہید ،50زخمی ہو گئے ۔
غزہ کی وزارت صحت کےمطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم ازکم 45ہزار227فلسطینی شہید،1لاکھ7ہزار 537زخمی ہو چکے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے شہری علاقوں پر تازہ راکٹ حملے کی مذمت کی ہے ۔ حملے میں کئی شہریوں کے گھروں کو نقصان پہنچاتاہم حزب اللہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔دوسری جانب یمنی حوثیوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر میزائل حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام یمن سے داغے گئے میزائل کو روکنے میں ناکام ہوا۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے ہفتے کے روزمشرق سے آنے والے ایک ڈرون کو روک لیا۔میزائل حملے کے بعد حوثی عہدیدار ہزم الاسد نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی نظام کی ناکامی کا مطلب ہے کہ صہیونی دشمن کا قلب اب محفوظ نہیں رہا۔ تل ابیب میں اسرائیلی کے ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا ۔ پوپ فرانسس نے غزہ میں بچوں پر بمباری کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی،انہوں نے کہا غزہ میں بچوں کوظالمانہ طریقے سے شہید کیا جارہا ہے ۔کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں ایک یہودی سکول رواں سال تیسری بار فائرنگ کی زد میں آگیا ، تاہم واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا،پولیس کا کہنا تھا مئی اور اکتوبر میں بھی اسی سکول کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔