غزہ ،مغربی کنارے پر اسرائیلی حملے ، 42شہید، 75زخمی

غزہ ،مغربی کنارے پر اسرائیلی حملے ، 42شہید، 75زخمی

غزہ،یروشلم(اے ایف پی،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری،گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 42 افراد شہید ، 75 زخمی ہوگئے ۔

 مغربی کنارے کے شہر تلکرم کے قریب ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 8 فلسطینی شہید،17زخمی ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر2023 سے جاری جنگ میں اب تک 45 ہزار 361 فلسطینی شہید، 1لاکھ 7ہزار803 زخمی ہو چکے ۔ حماس اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کا الزام لگایا ہے ،حماس نے کہا کہ قطر اور مصر کی ثالثی میں دوحہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات سنجیدہ انداز میں جاری تھے ، اسرائیل نے جنگ بندی، قیدیوں اور بے گھر لوگوں کی واپسی سے متعلق نئی شرائط رکھ دی ہیں۔اسرائیل نے کہا کہ حماس پہلے سے طے شدہ سمجھوتوں سے مکر رہی ہے ۔اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید نے سیکرٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ہنیہ کو قتل کر کے سنگین جرم کیا اور اس کی باضابطہ ذمہ داری بھی قبول کی۔ ایران اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔ یمنی حوثیوں نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے تجارتی مرکز تل ابیب اور جنوبی شہر عسقلان پر ایک بیلسٹک میزائل اور ڈرون فائر کیا ہے ، آئی ڈی ایف نے کہا کہ میزائل کو اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں